پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو اپنی بریت کا فیصلہ خود کرنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ آج میرے دل و دماغ میں یہ سوال انگارے کی طرح سلگ رہا کہ آپ کا کیا قصور تھا کہ آپ کو مجھ سے زیادہ سنگین سزائیں دی گئیں، جے آئی ٹی کیلئے واٹس ایپ پر ہیرے چنے گئے۔ سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ معلوم ہے کہ عوام 8 فروری کو خوشحال پاکستان کی ججمنٹ سنائیں گے، عوام کو اپنی بریت کا فیصلہ خود کرنا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ مجھے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کے جرم میں نا صرف وزارت عظمیٰ سے فارغ کر دیا گیا بلکہ عمر بھر کیلئے نا اہل کر دیا گیا۔کسی لاڈلے کو لانے کیلئے مجھے ہٹانا، سزائیں دلوانا ضروری تھا لیکن پاکستان کو کس جرم کی سزا دی گئی، عوام کا کیا قصور تھا۔