ویب ڈیسک: لاہور میں آج دن بھر سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ کراچی میں شام یا رات میں بوندا باندی یا ہلکی بارش کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں آج کم سے کم درجہ حرارت 28 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد تک جا پہنچا۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، لاہور میں آج اور کل بارش برسنے کے امکانات ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے بھی شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی، موسلادھار بارش کے باعث جنوبی پنجاب میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
کراچی: آج شام یا رات میں ہلکی بارش کا امکان
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں شام یا رات میں بوندا باندی یا ہلکی بارش کا امکان ہے۔شہرِ قائد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ کراچی میں پچھلے 24 گھنٹوں میں کم سے کم درجۂ حرارت 30.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ کراچی میں سمندری ہوائیں 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے۔