تہران : ( پبلک نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ایران کے صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی سے ملاقات ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایرانی صدر کو وزیر اعظم شہباز شریف کا تہنیتی پیغام پہنچایا اور دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی جانب سے ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خارجہ نے توانائی، معیشت، علاقائی روابط، سرحدی مارکیٹس اور زائرین کو سہولیات کی فراہمی کے لئے باقاعدگی سے دو طرفہ روابط کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وزیر خارجہ نے صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی سے ایرانی جیلوں میں پاکستانی قیدیوں کی رہائی اور تبادلے پر بھی بات کی۔ ایرانی صدر نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اقتصادی و تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا۔