ممبئی میں طوفان سے بل بورڈ گرگیا،14 افراد ہلاک

billboard killed 14 in india
کیپشن: billboard killed 14 in india
سورس: google

ویب ڈیسک : بھارتی شہر ممبئی میں پیر کی شام شدید طوفان کے دوران ایک بڑے بل بورڈ کے گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہو گئی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ممبئی کے علاقے گھٹ کوپر میں شدید طوفان کے باعث نصب 100 فٹ کا ایک بل بورڈ پیٹرول پمپ پر گرا جس کی وجہ سے 14 افراد ہلاک اور 70 زخمی ہوئے۔
نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) نے رات بھر پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن کیا۔
 پیر کی شام کو ممبئی میں اچانک اور طاقتور گردوغبار کا طوفان آیا جس کی وجہ سے نہ صرف سڑکوں پر ٹریفک رک گئی بلکہ ممبئی ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہوا اور ٹرین سروس بھی رک گئی تھی۔
محکمہ موسمیات نے ممبئی اور قریبی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
غیرمتوقع بارشوں کی وجہ سے شدید گرمی میں کمی آ گئی ہے تاہم ممبئی سمیت مختلف اضلاع میں بجلی کی بندش کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
مہاراشٹر کے وزیراعلٰی ایکناتھ شندے نے جائے وقوعہ کا دورہ کرتے ہوئے حکام کو شہر کے تمام بل بورڈز کے آڈٹ کا حکم دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اگر شہر میں بل بورڈز غیرقانونی اور خطرناک پائے گئے تو اسے فوری طور پر ہٹا دیا جائے گا۔ یہ ایک بہت ہی افسوسناک واقعہ ہے۔ حکومت اس کی تحقیقات کرے گی، اور ذمہ داروں کو کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘
وزیراعلٰی نے ہلاک ہونے والے ہر فرد کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے کی امداد دینے کا بھی اعلان کیا۔
 
 

Watch Live Public News