سڈنی: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی پولیس نے احکامات کی خلاف ورزی پر سابق کرکٹر مائیکل سلیٹر کو حراست میں لے لیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مائیکل سلیٹر کو کچھ عرصہ قبل اپنی اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس نے ان کو احکامات کا پابند رہنے کا حکم دیا تھا، تاہم انہوں نے اس سے انحراف کیا، اس لئے پولیس نے فوری کارروائی کرت ہوئے انھیں گرفتار کر لیا۔ سابق آسٹریلوی کرکٹر مائیکل سلیٹر کو اکتوبر میں اس وقت گرفتار کیا گیا جب ان کی اہلیہ نے پولیس میں گھریلو تشدد کے واقعے کی شکایت درج کروائی تھی۔ پولیس نے اس وقت مائیکل سلیٹر پر مقدمہ قائم کرکے انھیں عدالت کے روبرو پیش کیا اور معزز جج کو بتایا کہ سابق کرکٹر نے اپنی اہلیہ کو ناصرف ہراساں کیا بلکہ منع کرنے کے باوجود اسے لاتعداد میسجز اور فون کالیں کیں۔ عدالت کو بتایا گیا تھا کہ سلیٹر کی سابق اہلیہ ان سے کوئی سروکار نہیں رکھنا چاہتیں کیونکہ وہ شراب نوشی کی لت میں مبتلا ہو چکے ہیں۔