وفاقی حکومت کا طلباء کو 7 لاکھ کروم بکس دینےکا اعلان

وفاقی حکومت کا طلباء کو 7 لاکھ کروم بکس دینےکا اعلان
کیپشن: وفاقی حکومت کا طلباء کو 7 لاکھ کروم بکس دینےکا اعلان

ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کے لیے ملک بھر کے طلبہ کو 7 لاکھ کروم بکس فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنا اور انہیں ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

رانا مشہود احمد خان کے مطابق کروم بکس کی فراہمی سے طلبہ کو آن لائن تعلیم، ڈیجیٹل تعلیمی مواد اور جدید سافٹ ویئر تک بہتر رسائی حاصل ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے سے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے طلبہ بھی مستفید ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ اسکولوں، کالجوں اور جامعات کے طلبہ کے لیے ترتیب دیا گیا ہے، جس کا مقصد تعلیمی معیار کو بہتر بنانا اور طلبہ کو مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرنا ہے۔ کروم بکس ٹی آئی ایف فاؤنڈیشن لاہور کے تعاون سے فراہم کیے جائیں گے۔

وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین نے کہا کہ کروم بکس کی تقسیم مرحلہ وار اور شفاف طریقے سے کی جائے گی، جبکہ ایک قومی مانیٹرنگ نظام بھی متعارف کرایا جائے گا تاکہ آلات کے مؤثر استعمال اور تعلیمی نتائج کا جائزہ لیا جا سکے۔

حکام کے مطابق یہ منصوبہ شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان تعلیمی فرق کو کم کرنے میں مدد دے گا اور ملک بھر کے طلبہ کو مساوی تعلیمی مواقع فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔

Watch Live Public News