ویب ڈیسک: بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کے پیش نظر ننکانہ صاحب میں سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 20 سے 25 نومبر تک مختلف اوقات میں بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شہر کے تمام سرکاری و نجی اسکول 22 سے 25 نومبر تک بند رہیں گے، جبکہ گورنمنٹ ایم سی گرلز ہائی اسکول اور گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول فاطمہ جناح 20 سے 25 نومبر تک بند رہیں گے۔ ان اسکولوں میں تقریبات میں شرکت کے لیے آنے والے سکھ یاتریوں کی رہائش کا انتظام کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گورنمنٹ گرو نانک گریجویٹ کالج برائے طلبہ 20 سے 25 نومبر تک بند رہے گا، جبکہ طالبات کے کالج اور تمام نجی کالجز میں 23 سے 25 نومبر تک تعطیلات ہوں گی۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ تعطیلات کے باوجود تمام امتحانات مقررہ شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے۔