تعلیمی نظام میں ٹیکنالوجی کے استعمال، سکلڈ ایجوکیشن بارے وزیر اعظم متحرک

03:24 PM, 15 Feb, 2021

شازیہ بشیر

اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں تعلیم کے فروغ، تعلیمی نظام میں ٹیکنالوجی کے استعمال اور سکلڈ ایجوکیشن کے حوالے سے اجلاس۔

اجلاس میں وزیرِ تعلیم شفقت محمود، سیکرٹری ایجوکیشن، ڈاکٹر عطا ءالرحمن، سیکرٹری خارجہ، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی، چییرمین این آئی ٹی بی، چیئرمین نیوٹیک اور نجی شعبے کے ماہرین شریک تھے۔

وزیر تعلیم شفقت محمود نے اجلاس کو وزارت تعلیم کی جانب سے نظام تعلیم میں اصلاحات، کورونا وبا کے دوران فاصلاتی تعلیم کے حوالے سے اقدامات، ٹیکنالوجی کے استعمال کے ضمن میں پائلٹ پراجیکٹس کے آغاز، ملک بھر میں "سکلز فار آل" منصوبوں کے آغاز، ڈیجیٹل لٹریسی اور نالج اکانومی کے فروغ کے حوالے سے مختلف منصوبوں کی پیش رفت پر آگاہ کیا۔

وزیر تعلیم نے پسماندہ علاقوں میں سکول سے باہر بچوں، خصوصاً بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے اقدامات، ہنر مند پاکستان پروگرام کے تحت 50000 نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس و دیگر جدید علوم میں تربیت، قومی سکلز ایکریڈیشن کونسل کے قیام، بین الاقوامی اداروں سے اشتراک اور ووکیشنل اداروں میں مختلف نوعیت کے علوم و ہنر کے حوالے سے قومی نصاب پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ وزارت تعلیم پاکستان ایجوکیشن پالیسی 2021 مرتب دے رہی ہے۔ اس پالیسی میں معیاری تعلیم کے حصول کے لئے یکساں مواقع کی فراہمی اور آسان رسائی جدید علوم کا فروغ اور روزگار کے مواقع سے مطابقت تعلیم و ہنر کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر عطاء الرحمٰن نے اجلاس کو ملک میں تعلیم کے فروغ کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال، بین الاقوامی اداروں سے ایکریڈیٹیشن، اساتذہ کی استعداد میں اضافے، ملک میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، بائیو ٹیکنالوجی و دیگر جدید علوم کے فروغ کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بریفنگ دیتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اہداف پر مبنی تزویراتی ایکشن پلان پر مجوزہ سفارشات پیش کیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں تعلیم کے شعبے پر توجہ نہیں دی گئی۔ ملک کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ان نوجوانوں کی صلاحیتوں سے اسی وقت ہی استفادہ کیا جا سکتا ہے جب ان کو جدید علوم حاصل کرنے کے یکساں مواقع میسر ہوں۔ ٹیکنالوجی کے انقلاب سے استفادہ اسی صورت ممکن ہے جب ہم نوجوانوں کو بدلتے وقت اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نظام تعلیم سے آراستہ کریں۔

وزیراعظم نے وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں تعلیم کے فروغ کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ مجوزہ ایجوکیشن پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے ساتھ ساتھ تمام صوبائی حکومتوں اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے دور جدید کے تقاضوں کے مطابق تعلیم کے فروغ کے حوالے سے ایک جامع روڈمیپ مرتب کیا جائے تاکہ اہداف اور ترجیحات کا واضح تعین کر کے عملدرآمد عمل کو ممکن بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں