لاہور (ویب ڈیسک) پنجاب میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ویکسی نیشن کے لیے صوبائی حکومت نے ہدف حاصل کرنے کی غرض سے رفتار تیز کی ہوئی ہے جس کی وجہ سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں ویکسین کا سٹاک ختم ہو گیا ہے۔
کورونا ویکسین گزشتہ کل سے ختم ہے جس کے باعث ویکسی نیشن دو روز سے نہیں کی جا رہی۔ اس حوالے سے حفاظتی ٹیکوں سے متعلق توسیعی پروگرام ای پی آئی حکام کا کہنا ہے کہ 20 ہزار خوراکیں آج ملنے کا امکان ہے۔
کورونا ویکسین ختم کی سبب شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ویکسین لگوانے کی غرض سے آنے والے افراد کو سکیورٹی گارڈ ویکسی نیشن سینٹرز کے باہر سے واپس بھیج رہے ہیں مگر پھر سنٹرز کے باہر رش لگ ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق شہریوں کو یہ بتایا جا رہا ہے کہ نادرا کا سسٹم اپڈیٹ ہو رہا ہے اس لیے دو دن ویکسی نیشن نہیں لگائی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی سٹاک ختم ہو رہا ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے ڈیمانڈ تو کی گئی ہے مگر تاحال نیا سٹاک نہیں مل سکا۔ بہاولپور اور فیصل آباد سمیت دوسرے کچھ شہروں میں بھی ویکسی نیشن کا عمل رکا ہوا ہے۔ گوجرانوالہ میں سٹاک کی کمی جبکہ ملتان میں بھی مزید سٹاک نہیں ہے۔