ویب ڈیسک: ملتان سلطانز نے مسلسل چوتھی بار پی ایس ایل کے فائنل میں جگہ بنالی۔ کوالیفائر مقابلے میں پشاور زلمی کو سات وکٹوں سے شکست ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں جمعرات کو پی ایس ایل 9 کی 2 ٹاپ ٹیمیں پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان کوالیفائر مقابلہ ہوا۔
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔زلمی نے ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 147 رنز کا ہدف دیا۔ کیڈمور 24 اور محمد حارث 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
جواب میں ملتان سلطانز نے ہدف 19ویں اوور میں حاصل کرکے میچ 7 وکٹوں سے جیت لیا۔
اس کامیابی کے ساتھ ملتان سلطانز نے مسلسل چوتھی بار پی ایس ایل کے فائنل میں جگہ بنالی۔اوپنر یاسر خان 37 گیندوں پر 54 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اس کے علاوہ عثمان خان نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 36 رنز اور افتخار احمد بھی 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جب کہ کپتان محمد رضوان نے 15 رنز اسکور کیے۔
ایلیمنیٹر ون آج کھیلا جائے گا
یاد رہے کہ پشاور زلمی کوالیفائر میچ میں شکست کے باوجود فائنل کی دوڑ سے باہر نہیں ہوئی وہ ایلیمنیٹر ون کی فاتح ٹیم سےمقابلہ کرے گی۔
ایلیمنٹر ون آج اسلام آباد یونائیٹیڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ایلیمنیٹر ون ہارنے والی ٹیم کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہوجائے گا۔
اس کے بعد پشاور زلمی اور ایلیمنٹر ون کی فاتح ٹیم کے درمیان جو میچ کھیلا جائے گا اس کی فاتح ٹیم کا مقابلہ ملتان سلطانز کے خلاف فائنل میں ہوگا۔