بشری بی بی کی اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست خارج

 بشری بی بی کی اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست خارج
کیپشن: bushra bibi
سورس: Web desk

ویب ڈیسک: بشری بی بی کی بنی گالہ سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست خارج ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدم پیروی پر بشری بی بی کی درخواست خارج کردی۔

تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ میں بشری بی بی کی اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ بشری بی بی کے وکلا کی عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ مذاق بنا ہوا ہے، کہا بھی تھا آج سن کر اس کیس کا فیصلہ کریں گے پھر بھی نہیں آئے ، بشری بی بی کے وکیل عدالت میں پیش کیوں نہیں ہوئے؟ اگر وہ یہ کیس جیت جاتے تو بشریٰ بی بی جیل چلی جاتی، وہ خود بھی نہیں چاہتے کہ بشری بی بی جیل چلی جائیں، دونوں طرف سے عدالت کے ساتھ سیاست کھیل رہے ہیں،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواست خارج کردی۔

بشری بی بی کے وکیل عثمان گل نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدم پیروی پر ہماری درخواست خارج ہو گئی،راستوں میں ناکے/رکاوٹیں لگی ہوئی تھیں ہم چار راستے تبدیل کرکے آئے ہیں۔تقریبا 15 منٹ لیٹ ہونے پر درخواست خارج ہوئی۔

جج صاحب نے کہا ہے اب قانونی راستہ اختیار کریں ،جج صاحب نے کہا آپ کیس بحالی کی درخواست دائر کریں پھر دیکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ درخواست میں بشریٰ بی بی کی جانب سے موقف اپنایا گیا  تھا کہ  وہ بھی کسی بھی عام قیدی کی طرح سزا اڈیالہ جیل میں کاٹنا چاہتی ہیں، تمام شہری قانون کی نظر میں برابر ہیں، دوسرے سیاسی ورکرز جیلوں میں عام قیدیوں کے ساتھ ہیں۔
بشریٰ بی بی نے درخواست میں کہا کہ بنی گالہ سب جیل میں منتقلی مساوی حقوق کے منافی ہے، 31 جنوری کو صبح 10 بجے سے لے کر رات 9 بجے تک مجھے اڈیالہ جیل میں انتظار کروانے کے بعد سب جیل میں منتقل کیا گیا،میرے پوچھنے پر مجھے بتایا گیا کہ بنی گالہ رہائش کو سب جیل قرار دے دیا گیا۔