روس پاکستان کو پیٹرول اور ڈیزل سستا دے گا ،مصدق ملک

روس پاکستان کو پیٹرول اور ڈیزل سستا دے گا ،مصدق ملک
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے بیان کی تردید کردی ہے انہوں نے کہا ہے کہ روس ہمیں تیل دے گا اور ڈسکاؤنٹ پر دے گا۔ وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ گیس کے حوالے سے آذربائیجان کے ساتھ ایک معاہدے کے فریم ورک پر کام کررہےہیں، ہماری کوشش ہے کہ جنوری میں ایک ایل این جی کا کارگو لاسکیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کے مقابلے میں جنوری اور فروی میں ایک ایک کارگو اضافی ہوگا۔ وزیر مملکت برائے پیٹرولیم نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے روس سے سستا تیل نہ لینے کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ روس نے کہا تھا کہ سستا خام تیل پاکستان کو دیں گے، روس پاکستان کو پیٹرول اور ڈیزل بھی سستا دے گا۔ روس ہمیں اتنی ہی رعایت دے گا،جتنی باقی دنیا کو دے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ٹھیک بات کی، اس وقت ہم واقعی ہم کوئی تیل نہیں لے رہے البتہ بلاول بھٹو کا تفصیلی انٹرویو نہیں دیکھا۔ مصدق ملک کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں توانائی کی قیمت کم کرنے میں خام تیل مددگار ثابت ہوگا، ہم جب روس گئے توپاکستان کی ریفائنریز سے بات کی گئی تھی، 2 قسم کے روسی خام تیل پاکستان میں ریفائن ہو سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ریفائنریاں روسی خام تیل ' سوکول' اور ' یورول ' کی ریفائنری کرسکتی ہیں۔ پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی افواہوں سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر مملکت مصدق ملک کا کہنا تھا کہ تاثر پھیلایاجا رہا ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ ہونے جارہا ہے ایسی کوئی بات نہیں، اگر یہ صورتحال ہوتی ایشین ڈیولپمنٹ بینک(اے ڈی بی ) ہم سے یہ معاہدے نہ سائن کررہا ہوتا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ روس سے رعایتی تیل لے رہے ہیں نہ کوشش کر رہےہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔