’’گالیاں دینا پنجاب کا کلچر ہے‘‘

’’گالیاں دینا پنجاب کا کلچر ہے‘‘
اسلام‌آباد( پبلک نیوز) مسلم لیگ ن کے ایم این اے شیخ روحیل اصغر نے گزشتہ روز پارلیمنٹ میں ہونے والی ہلڑ بازی پر انوکھی منطق پیش کر دی ہے. ایک بیان میں مسلم لیگ ن کے ایم این اے روحیل اصغر نے کہا ہے کہ گالیاں دینا پنجاب کا کلچر ہے. وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے لیگی ایم این اے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ‏اپنی گندی سوچ اور گندی زبان کو پنجاب کے کلچر سے نہ جوڑا جائے، ہمارا کلچر ماؤں بہنوں کی عزت سکھاتا ہے، ان کے نام پر غلیظ گالیاں دینا ہمارے کلچر کا حصہ نہیں، اس پر بھی ن لیگ کی قیادت انکو سمجھانے کی بجائے حوصلہ افزائی کرے گی۔ واضح رہےکہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں شدید ہنگامہ آرائی ہوئی جس دوران اپوزیشن اور حکومتی اراکین نے ایک دوسرے کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے جب کہ بجٹ کی کاپیاں بھی ایک دوسرے کو ماری گئیں۔ادھر قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے معاملہ پرسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بڑا ایکشن لیتے ہوئے پی ٹی آئی کے رکن علی نواز اعوان سمیت سات ارکان اراکین کے قومی اسمبلی کی حدود میں داخلے پر پابندی لگا دی ہے ٗ ان ارکان قومی اسمبلی کو شوکاز نوٹس بھی جاری ہوں گے۔جن ارکان قومی اسمبلی پر پابندی لگا ئی گئی ہے ان میں شیخ روحیل اصغر ٗ علی نواز اعوان ٗ عبدالمجید خان ٗ فہیم خان ٗ علی گوہر خان ٗ آغا رفیع اللہ اور چوہدری حامد حمید شامل ہیں ٗ اس سلسلہ میں سپیکر قومی اسمبلی نے اپنے ٹویٹر اکائونٹ پر لکھا کہ ’’ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس اور قائد حزب اختلاف کی تقریر کے دوران خلل پیدا کرنے والے ارکان جن کا رویہ غیر پارلیمانی اور نامناسب تھا ان کے ایوان میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے‘‘۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔