الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار صدر سے واپس لے لیا گیا

الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار صدر سے واپس لے لیا گیا
اسلام آباد: سینیٹ نے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کا بل کثرت رائے سے منظور کرلیا ہے، جس میں الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار صدر سے واپس لے لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ نے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کا بل کثرت رائے سے منظور کر لیا، بل کے مطابق الیکشن ایکٹ کی شق 57 اور 58 میں ترمیم کی گئی ہے جس کے تحت الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار صدر سے واپس لے لیا گیا ہے اب الیکشن کمیشن نیا شیڈول اور عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے گا اس کے علاوہ الیکشن پروگرام میں ترمیم بھی کر سکے گا۔ سینیٹ اجلاس میں آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی سے متعلق بل بھی منظور کر لیا گیا ، بل کے مطابق نااہلی زیادہ سے زیادہ 5 سال کے لیے ہو گی۔ بل میں کہا گیا ہے کہ آئین میں جس جرم کی مدت سزا متعین نہیں، اس میں نااہلی پانچ برس سے زیادہ نہیں ہو گی، جس کے بعد متعلقہ شخص پارلیمنٹ یا صوبائی اسمبلی کا رکن بننے کا اہل ہو گا۔ الیکشن ایکٹ کی اہلی اور نااہلی سے متعلق سیکشن 232 میں ترمیم کا بل پیش گیا، جس میں کہا گیا کہ اہلیت اور نااہلی کا طریقہ کار، طریقہ اور مدت ایسی ہو جیسا آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 میں فراہم کیا گیا ہے۔ بل میں تجویز کیا گیا کہ سپریم کورٹ ، ہائی کورٹ یا کسی بھی عدالت کے فیصلے یا حکم کے تحت سزا یافتہ شخص فیصلے کے دن سے پانچ سال کے لیے نااہل ہو سکے گا۔ سینیٹ نے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کا بل بھی کثرت رائے سے منظور کر لیا جبکہ پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے اس بل کی مخالفت کی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔