(ویب ڈیسک ) پولیس نے غیر ملکی خبر ایجنسی کو بتایا کہ شمالی نائیجیریا میں پیٹرول سے بھرا ٹینکر کریش ہوا تو مقامی لوگ پیٹرول جمع کرنے لگے اس دوران دھماکا ہوگیا جس میں کم از کم 94 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اس دھماکے سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، افسوس ناک واقعہ منگل کی شام مقامی وقت کے مطابق ریاست جیگاوا کے ایک گاؤں ماجیہ میں پیش آیا۔
جیگاوا پولیس کے ترجمان شیسو لاوان ایڈم نے کہا کہ ڈرائیور نے ٹینکر کا کنٹرول کھو دیا جس کے باعث ٹینکر الٹ گیا اور پیٹرول گرنے لگا تو مقامی افراد پیٹرول کو اکھٹا کرنے کیلئے جمع ہوئے اس دوران دھماکاہوگیا۔
ایڈم نے کہا کہ کم از کم 50 افراد شدید زخمی ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے۔
واضح رہے اسی طرح کا واقعہ پاکستان کے شہر بہاولپور میں بھی پیش آیا تھا۔پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع بہاولپور میں تیل سے بھرا ٹینکر الٹنے کے بعد آگ لگنے کے نتیجے میں 139 افراد ہلاک ہوئے تھے۔