وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ شہباز گل پر تشدد ان کی حکومت نے ہی کیا ، اگر ان پر جیل میں تشدد نہیں ہوا تو جیل حکام کو بدلنے کا کیا جواز تھا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پر تھوڑی سی سختی ہو تو یہ چیخیں مارنا شروع کر دیتے ہیں، نیب کیسز میں ہمارے خلاف 88 روز کا ریمانڈ لیا گیا، یہاں دو دن کے ریمانڈ اور دو دن کی جیل پر کیوں چیخ و پکار ہو رہی ہے ۔ یہ لوگ ملک دشمن بیانیے کو پروان چڑھا رہے ہیں اور مسلم لیگ (ق) ان کے ساتھ ہے ۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ انہوں نے ہی شہبا زگل پر تشدد کرایا اور یہی تبادلے کرا رہے ہیں ، یقین ہو گیا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس کوئی معمولی معاملہ نہیں ہے ، غیر ملکیوں کا پی ٹی آئی کو فنڈنگ کرنا سوالیہ نشان ہے ،ایک شخص کیلئے پوری جیل انتظامیہ بدل دی گئی ، سپریم کورٹ سے درخواست کروں گا کہ اس پر از خود نوٹس لیا جائے ۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ فارن فنڈنگ کیس سے متعلق قانونی تقاضوں پر کارروائی کی جا رہی ہے ، ننکانہ اور فیصل آباد میں عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر جعلی دستخط کئے گئے ۔