ویب ڈیسک: لاہور میں ایئر گن کے ساتھ مذاق کرنا شہری کو مہنگا پڑ گیا، والدہ کے ساتھ راستے سے گزرتا ہوا بچہ سر میں چھرا لگنے سے بے ہوش ہوگیا، جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، تھانہ نشتر کالونی پولیس نے 2 سالہ بچے کے سر میں چھرا مارنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کےمطابق ملزم یاسر کو 15 پر کال موصول ہونے پر کارروائی کرتے ہوئے تھانہ نشتر کالونی کی حدود فارسی چوک میں واقع گھر سے گرفتار کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق والدہ اپنے بچے عیسٰی کو لے کر فارسی چوک کے قریب گلی میں جا رہی تھی، کہ ملزم نے اپنی ایئر گن سے بچے کو ڈرانے کے لیے فائر کیا، گن کا چھرا سر پر لگنے سے بچہ بے ہوش ہو گیا جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم یاسر سے بندوق برآمد کرلی گئی، ملزم کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرکے اسے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اسلحہ سے کھیلنا جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے، عوام اس طرح کے اقدام سے گریز کریں، ورنہ انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔