اسلام آباد: ( پبلک نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی) کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں کے بارے میں فیصلہ مختلف اداروں کے مثبت کیسز کے ڈیٹا پر کیا جائے گا۔ تفصیل کے مطابق پیر کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی) کے اجلاس میں وبائی مرض کے چارٹ کے اعدادوشمار، کورونا کے خلاف قومی ویکسین کی حکمت عملی اور ملک بھر میں کورونا کے پھیلائو پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ این سی او سی اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر اور نیشنل کوآرڈینیٹر میجر جنرل محمد ظفر اقبال نے کی اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزرائے صحت اور تعلیم نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور این سی او سی کو این پی آئیز کے نفاذ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات اور کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے تناظر میں ایس او پیز کے بارے میں بتایا۔ اس کے علاوہ اومیکرون وائرس کے عالمی اور علاقائی رجحانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلائو کو مدنظر رکھتے ہوئے این پی آئیز کا تازہ سیٹ پیش کیا گیا اور صوبوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا اور این پی آئیز کے نئے سیٹ کو تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورتی عمل کے بعد اگلے 48 گھنٹوں میں صوبوں کے ذریعے لاگو کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی اداروں کے بارے میں فیصلہ مختلف اداروں کے مثبت کیسز کے ڈیٹا پر کیا جائے گا جس کے لیے تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ کی جا رہی ہے۔