لاہور ( پبلک نیوز) وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے اسکول کے طلبہ کیلئے ٹوپی اور طالبات کیلئے دوپٹہ یا اسکارف یونیفارم کاحصہ بنانے کی ہدایت کر دی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد راس کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی نے پہلی بار پرائمری طلبہ کو ناظرہ جبکہ چھٹی سے 12 ویں تک کے طالب علموں کو ترجمے کے ساتھ قرآن پاک پڑھانے کا ایکٹ پاس کیا ہے اب تعلیمی اداروں میں قرآن پاک لازمی پڑھانے پر عملدرآمد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نجی اسکولز یونیفارم میں ترمیم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے اسکولوں میں اساتذہ کی 30 ہزار سے زائد اسامیاں خالی ہیں، جو جلد پُر کر لی جائیں گی۔ مراد راس کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے تعلیمی اداروں کی بندش کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا جب تک دیگر محکمے بند نہیں ہوں گے۔ تعلیمی ادارے بھی کھلے رہیں گے۔