ویب ڈیسک:سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ کرنے والے شوٹر تھامس میتھیو کروکر سے ٹرانسمیٹر برآمد ،انکشاف ہوا ہے کہ جب وہ چھت پر لیٹا ڈونلڈ ٹرمپ پر گولی چلانے کی تیاری کررہا تھا اس وقت وہ کسی کے ساتھ ٹرانسمیٹر پر رابطے میں تھا۔
واضح رہے کہ غیرملکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کا واقعہ امریکا کی ریاست پنسلوانیا میں پیش آیا تھا،جہاں وہ انتخابی ریلی کے شرکاء سے خطاب کیلئے سٹیج پر موجود تھے کہ اس دوران شوٹرتھامس میتھیوکروکرنے ان پر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے تھے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے کان پر خون کے نشانات دیکھے گئے تھے، فائرنگ کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے سابق صدر کو حصار میں لے لیا تھااور وہاں سے لے کر روانہ ہو گئے تھے، گولیاں لگنے سے ریلی میں موجود ایک شخص ہلاک ہو گیا تھا، واقعے کے بعد وہاں موجود لوگوں میں خوف و حراس پھیل گیا تھا۔
واقعے کے حوالے سے امریکی سیکرٹ سروس کا کہنا تھا کہ ریلی میں فائرنگ کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ محفوظ تھے، سابق صدر کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا، ریلی میں پیش آئے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں تھیں۔
فائرنگ سے زخمی ہونے والے ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھاکہ میں بالکل خیریت سے ہوں، میں کسی سے ڈرنے والا نہیں ہوں اور سب کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا۔
سابق امریکی صدر ٹرمپ پر فائرنگ کے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے صدر جوبائیڈن نے کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی میں فائرنگ کے واقعے پر بریفنگ نہیں دی گئی۔
واضح رہے کہ دو روز قبل پریس کانفرنس میں صدر جوبائیڈن نے صدارتی الیکشن کی دوڑ سے دستبردار ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ صدارتی الیکشن لڑنے کا سب سے زیادہ اہل ہوں، ٹرمپ کو پہلے بھی ہرایا تھا اب بھی ہراؤں گا، ٹرمپ کا جیتنا دنیا کیلئے تباہی ہو گا۔
جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ یورپ ٹرمپ کے بیانات سے پریشان ہے، خارجہ پالیسی کبھی ٹرمپ کا مضبوط نقطہ نہیں رہا، ٹرمپ آمرانہ لوگوں سے وابستگی رکھتے ہیں، صدارتی الیکشن کی دوڑ میں اپنی میراث کیلئے نہیں ہوں، یوکرین کی کامیابی یقینی بنانے کیلئے میرا جیتنا ضروری ہے۔