اسلام آباد ( پبلک نیوز) پیپلز پارٹی کی طرف سے نئے سیاسی پینترے کے بعد پی ڈی ایم میں افسوس اور تشویش کا سلسلہ جاری ہے ٗ مولانا فضل الرحمن کا نواز شریف سے ٹیلی فون رابطہ ٗ مولانا فضل الرحمن کا شدید دکھ کا اظہار ٗ میاں نواز شریف نے بھی ایسے ہی جذبات کا اظہار کر دیا۔ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور مسلم لیگ(ن) کے رہنما میاں نواز شریف کے درمیان گزشتہ روز کے پی ڈی ایم اجلاس کے حوالے سے ایک اہم ٹیلی فون ر ابطہ ہوا ہے جس میں مولانا فضل الرحمن نے اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آصف علی زرداری کے غیر جمہوری روئیے پر سخت دکھ ہوا ہے ۔میاں نواز شریف نے اپنے بھی ایسے ہی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم تو نوے کی دہائی کی سیاست دفن کر کے آگے بڑھے تھے ٗ پھر ایسی الزام تراشی کیوں کی گئی ؟ مجھے آصف علی زرداری صاحب کی یسی گفتگو سے سخت دکھ اور تکلیف پہنچی ہے۔ٹیلی فونک رابطہ کے دوران پی ڈی ایم کی آئندہ حکمت عملی پر بھی گفتگو کی گئی اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ پیپلز پارٹی کی طرف سے حتمی جواب کا انتظار کیا جائے گا ٗ اس دوران آصف علی زرداری اور مریم نواز شریف کے مابین تلخ گفتگو پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔