اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین ( ای وی ایم) کو ‘شیطانی مشین‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اسی پر تیکہ کئے بیٹھی ہے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج ملک کی پارلیمانی تاریخ میں انتہائی اہم دن ہے۔ آج حکومت اور اس کے اتحادی پارلیمانی روایات کو بلڈوز کرا کے اس کی دھجیاں اڑانا چاہتے ہیں اس کا بوجھ سپیکر اور معزز ایوان کے کاندھوں پر ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں رات کے اندھیرے میں بتایا گیا کہ اگلے روز صبح پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہوگا، پھر جب عمران خان کے عشائیے سے تحریک انصاف کے درجنوں ارکان غائب اور اتحادیوں نے انکار کیا تو اچانک اجلاس مؤخر کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جس کے بعد مجھے سپیکر قومی اسمبلی کا خط موصول ہوا جس پر اپوزیشن اتحاد نے غور وفکر کرکے اس کا جامع جواب دیتے ہوئے بہترین تجاویز دیں لیکن سپیکر نے پھر سے اپوزیشن کیساتھ اپنا رابطہ منقطع کرلیا، اور ہمیں کوئی جواب نہ ملا۔ قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں کمیٹی کی تشکیل پر نہ ہمیں آئندہ کا لائحہ عمل بتایا گیا اور نہ ہی ہم سے مشاورت کی گئی۔ یہ سب وقت حاصل کرنے کا حربہ اور ڈھکوسلہ تھا تاکہ کسی طرح ووٹوں کی تعداد پوری کرنے کیلئے اتحادیوں کو منایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد دھاندلی کا شور ہوتا ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ اس سے پہلے ہی ناصرف یہ ایوان بلکہ 22 کروڑ عوام دھاندلی کا شور کر رہی ہے۔ شہباز شریف نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انھیں اس بات کا اچھی طرح ادارک ہے کہ اب انہیں عوام ووٹ نہیں دے گی، اس لئے کوشش کی جا رہی ہے کہ یہ 'سیلیکٹڈ' حکومت مشین کے ذریعے اپنے اقتدار کو طول دے سکے۔