منڈی بہاء الدین: (ویب ڈیسک) منڈی بہاءالدین کے علاقے ٹاہلی اڈا میں پیش آنے والے ایک خوفناک حادثے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ بدنصیب مسافر ایک شادی میں شرکت کیلئے جا رہے تھے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ بس ڈرائیور کی غلطی اور شدید دھند کی وجہ سے پیش آیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو ایمبیولینسوں کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ حادثہ اس قدر خوفناک تھا کہ 5 مسافر موقع پر جاں بحق جبکہ 3 ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملے۔ بس کا ڈرائیور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے اس کی تلاش شروع کر دی ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹریفک حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے گوجرانوالہ کے آر پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو ہر ممکنہ امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔