صنم چودھری نے شوبز کو خیرباد کہنے کی وجہ بتا دی

صنم چودھری نے شوبز کو خیرباد کہنے کی وجہ بتا دی
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سابق اداکارہ صنم چودھری نے اچانک شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔ ان کے مداح حیران تھے کہ آخر انہوں نے ایسا کیوں کیا؟ تاہم اب انہوں نے خود ہی اس راز سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر جاری ایک تفصیلی ویڈیو میں صنم چودھری نے اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں سے لوگوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس عزت، دولت اور شہرت سمیت سب کچھ تھا۔ مجھے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ملا، میری شادی ہوئی، اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے اولاد نرینہ سے نوازا۔
صنم چودھری کا کہنا تھا کہ دنیا کی ہر خوشی ہونے کے باوجود میں خالی پن کا شکار تھی، میرے پاس ہر چیز تھی لیکن سکون نہیں تھا۔ سابق اداکارہ کا کہنا تھا کہ بیٹے کی پیدائش کے بعد میں نے خود سے سوالات کرنا شروع کر دیئے تھے کہ آخر مجھے کس چیز کی کمی ہے؟ مجھے اور کیا چاہیے؟ انہوں نے کہا کہ میں اندر ہی اندر ندامت کا شکار رہنے لگی اور یہ بات شدت سے میرے دل میں گھر کر گئی کہ میرے پاس سب کچھ ہونے کے باوجود سکون نام کی چیز نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے اس مسئلے کے حل کیلئے ٹرینر نجم شیراز سے رابطہ کیا تو انہوں‌نے مشورہ دیا کہ مجھے قران سے رجوع کرنا چاہیے۔ پھر میں نے اس پر عمل کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی کتاب کو پڑھنا اور سیکھنا شروع کر دیا۔ صنم چودھری نے کہا کہ ابھی میں قران سیکھنے کے ابتدائی مراحل میں ہی تھی لیکن یہ چیز مجھ پر آشکار ہو چکی تھی کہ دلوں کا سکون صرف اللہ کی یاد میں ہی پوشیدہ ہے۔
اپنی ویڈیو کے دوران یہ بتاتے ہوئے صنم چودھری آبدیدہ ہو گئیں اور اللہ کا شکر بجا لاتے ہوئے کہا کہ مجھے صحیح راستے پر چلنے کی توفیق ملی۔ خیال رہے کہ صنم چودھری نے 2013ء میں ڈراموں کے ذریعے اپنا ڈیبیو کیا تھا۔ ان کی جاندار اداکاری کی بدولت ابھی تک ان کے لاکھوں مداح ہیں۔ صنم چودھری نے 2019ء میں میوزیشن سومی چوہان سے شادی کر لی تھی۔ گذشتہ سال اکتوبر میں دونوں کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

Watch Live Public News