پولیس کا زمان پارک میں آپریشن ، متعدد کارکن گرفتار

پولیس کا زمان پارک میں آپریشن ، متعدد کارکن گرفتار
لاہور : پی ٹی ائی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے اسلام آباد روانہ ہونے کے کچھ دیر بعد ہی لاہور میں زمان پارک کی جانب پولیس نے آپریشن شروع کردیا ہے ، متعدد کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کی بھاری نفری زمان پارک پہنچ چکی ہے اور پولیس نے پاکستان تحریک انصاکارکنوں کے متعدد خیمے بھی اکھاڑ دیے ہیں ، علاقے میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے ۔ پولیس کی جانب سے قیدیوں کو لے جانے والی وین اور واٹر کینن کو بھی کینال روڈ پر پہنچا دیا گیا ہے جب کہ زمان پارک میں کرینیں بھی پہنچا دی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کارکنان زمان پارک میں واقع گراؤنڈ اور عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب کیمپوں میں موجود ہیں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مال روڈ انڈر پاس کو کنٹینر اور بیریئر لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ دھرم پورہ، ریلوے پھاٹک اور گڑھی شاہو جانے والے راستے بھی بند ہیں۔ اس کے علاوہ میو گارڈن، اپر مال اور دیگر انڈر پاسز بھی بند کر دیے گئے ہیں اور بند راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔لاہور میں بند کیے گئے راستوں پر خاردار تاریں بھی بچھائی گئی ہیں۔ پی ٹی آئی کارکنان زمان پارک میں اب بھی موجود ہیں جبکہ پولیس نے عمران خان اور رہنماؤں کو زمان پارک واپس جانے سے مبینہ طور پر روکنے کے لیے زمان پارک کے اطراف کنٹینرز لگا دیے ۔ واضح رہے کہ عمران خان آج توشہ خانہ کیس میں پیشی کے لئے صبح 8 بجے اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہو چکے ہیں، وہ ریلی کی قیادت کرتے ہوئے لاہور سے وفاقی دارالحکومت جائیں گے جبکہ راولپنڈی ڈویژن کے رہنما اسلام آباد پہنچنے پر پارٹی چیئرمین کا استقبال کریں گے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔