پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ اگر کرکٹ پر مشکلات ہیں تو اس سے جلد باہر نکلیں گے۔ ہم اپنی قوت سے پوری دنیا کو چیلنج کرتے ہیں۔ کرکٹ شائقین کے لیے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جو تکلیف آپ کو ہوئی وہی تکلیف میں محسوس کررہا ہوں۔ سوچا کچھ تھا لیکن جو ہوا اس پر دکھ ہے۔ ماضی میں بھی ایسی صورتحال سے گزرے اور ہمیشہ آگے بڑھے۔ رمیز راجہ نے مزید کہا کہ ہمیں یقین ہے ڈومیسٹک لیول پر رہتے ہوئے ورلڈ کلاس ٹیم بناسکتے ہیں۔ تمام فینز کو کہتا ہوں کہ ورلڈکپ میں اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں۔ ٹیم کو کہوں گا کہ جو غصہ ہے اس کو پرفارمنس پر نکالیں۔ چیئرمین پی بی سی کا کہنا تھا کہ جب ہم دنیا کی بہترین ٹیم بنیں گے تو کھیلنے والوں کی لائن لگ جائے گی۔ سمجھتا ہوں کہ پاکستان ہوم کرکٹ پر دباؤ آیا ہے۔ امید کرتا ہوں ہم ایک ہوکر ملکی کرکٹ کو اوپر لے کر جائیں گے۔