کراچی:غیر ملکیوں کی گاڑی پرخودکش حملہ، 2دہشتگرد ہلاک،1 گارڈ شہید

کیپشن: کراچی:غیر ملکیوں کی گاڑی پرخودکش حملہ، 2دہشتگرد جہنم واصل

پبلک نیوز:  کراچی کے علاقے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکی شہریوں کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 2 دہشتگرد ہلاک اور تین افراد زخمی ہوگئے جبکہ 1 سیکیورٹی گارڈ شہید ہوگیا ہے۔

 تفصیلا ت کے مطابق لانڈھی مانسہرہ کالونی،غیر ملکیوں پر حملے میں شدید زخمی ہونے والا سیکیورٹی گارڈ دم ٹوٹ گیا، نور محمد غیرملکیوں کے ساتھ سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور تھا، شدید زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا،دہشت گرد حملے میں 2 سیکیورٹی گارڈ سمیت تین افراد زخمی ہوئے تھے۔زخمی راہ گیر سلمان صادق کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مقابلے میں مارے جانے والے ہلاک دہشت گرد کی شناخت سہیل احمد کے نام کر لی گئی، ہلاک دہشتگرد کی شناخت بائیو میٹرک کے ذریعے کی گئی ہے، ہلاک دہشتگرد بلوچستان پنجگور کا رہنے والا تھا۔

ایس ایس پی ملیر طارق الہٰی نے بتایا کہ تمام غیرملکی شہری ایکسپورٹ پروسیسنگ زون جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں 5 جاپانی شہری سوار تھے، حملے کے نتیجے میں تمام غیر ملکی شہری محفوظ رہے۔

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑایا، دوسرا دہشت گرد پولیس مقابلے میں مارا گیا جبکہ تیسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کے مطابق دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 2 سکیورٹی گارڈ سمیت 3 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی کو موٹرسائیکل پر سوار خود کش بمبار کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جائے وقوعہ سے کلاشنکوف اور دستی بم سے بھرا بیگ بھی ملا ہے۔دہشت گردوں کے پاس سےمشین گن کے تین میگزین تھے،بیگ سے دو بوتلیں بھی ملی ہیں ایک بوتل میں پیٹرول اور دوسری بوتل میں پانی ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے تمام بموں کو ناکارہ بنادیا ہے,جائے وقوعہ پر ڈی آئی جی سی ٹی ڈی بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ پہنچ گئے اور جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ہسپتال حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے زخمیوں میں نور محمد، لنگر خان اور سلمان رفیق شامل ہیں، 2 کی حالت تشویشناک ہے، دھماکے کے زخمیوں میں کوئی غیر ملکی شامل نہیں ہے۔

انچارج ایمرجنسی

انچارج ایمرجنسی کا کہنا ہے کہ لانڈھی حملے کے تین زخمیوں کو جناح ہسپتال لایا گیا ہے،ایک زخمی کی حالت نازک ہے،2 مریضوں کی حالت بہتر ہیں،کوئی بھی ہلاک شخص ہسپتال نہیں لایا گیا۔

مذمت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے لانڈھی، کراچی میں خود کُش دھماکے اور فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کی دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی کو سراہا اور کہا کہ پولیس کی بروقت کارروائی نے بڑے جانی نقصان سے بچا لیا،تمام قوم مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرے گی،شر پسند عناصر کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے لانڈھی میں خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے سی پی او اور آئی جی سندھ سے حملے کی رپورٹ طلب کر لی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایک بار پھر غیر ملکیوں کو نشانہ بنایا گیا، شہر میں دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، واقعے کے محرکات کا پتہ لگایا جائے اور ماسٹر مائنڈ تک پہنچا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ 

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےمانسہرہ کالونی میں گاڑی میں دھماکے کی آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

 وزیراعلیٰ کو رپورٹ پیش کردی گئی، پولیس نے بروقت کارروائی سےغیر ملکی مہمانوں محفوظ رہے صرف ان کا ایک گارڈ زخمی ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ  نے غیر ملکی مہمانوں کی سکیورٹی پر معمور سکیورٹی کے علاج کا فوری بندوبست کرنے کی ہدایت  کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی کو واقعے کی تحقیقات کر کے رپورٹ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دہشت گرد کون تھے؟ کہاں سے آئے تھے؟اور ان کی سہولتکاروں سمیت تمام معلومات حاصل کی جائے۔وزیراعلیٰ سندھ نے دھماکے میں استعمال ہونے والے بارود  کی بھی تفصیلات معلوم کی اور کہا کہ ملک دشمن عناصر امن امان خراب کرنا چاہتے ہیں جس کی کسی قیمت اجازت نہیں دی جائیگی۔پولیس کی بروقت کارروائی بہترین اقدام تھا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےکراچی کے علاقے لانڈھی میں خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے بہادری کا مظاہرہ  کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنایا،وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیر ملکیوں کی حفاظت پر مامور اہلکاروں کو شاباش اور زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملانے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں اور وزیر داخلہ نے زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزید کہا کہ پولیس سمیت تمام سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پرعزم ہیں،ملک کے امن اور ساکھ کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار 

وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے لانڈھی مانسہرہ کالونی واقعہ پر ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرلی ہے،رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس کے بروقت اقدام سےغیرملکی مہمان محفوظ رہے تاہم ان کا ایک گارڈ زخمی ہوا۔ 

وزیر داخلہ سندھ نے غیر ملکی مہمانوں کی سکیورٹی پر مامور سکیورٹی اہلکار کے فوری علاج معالجے کی ہدایت کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو واقعے کی جامع تحقیقات کے احکامات کردیئے ہیں۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ تحقیقاتی رپورٹ اور پولیس ایکشن پر مشتمل رپورٹ ارسال کی جائے،دہشت گرد اور ان کے سہولتکاروں سے متعلق تمام معلومات حاصل کی جائیں،دھماکے میں استعمال ہونے والے بارود  کی بھی تفصیلات معلوم کی جائے،ملک دشمن عناصر کے گھناؤنے عزائم اور ناپاک ارادوں کو خاک میں ملانا ہوگا،کسی کو امن امان کے حالات سبوتاز کرنے نہیں دینگے۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں غیرملکیوں کی گاڑی پر دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت  کرتے ہوئے حملے میں 2 افراد کے جانبحق ہونے پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری  نے کہا کہ یقین ہے، گہناونے جرم میں ملوث درندے جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے،غیر ملکی ہماری مہمان ہیں، مہمانوں کا احترام اور حفاظت کرنا پاکستانیوں کا قومی شعار ہے،پاک ،جاپان تعلقات بڑی اہمیت کے حامل ہیں، دونوں ممالک کے دشمن تعلقات کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔

شرجیل انعام میمن 

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نےکراچی میں غیر ملکی شہریوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس کی بروقت کارروائی نے دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے،دہشتگردوں سے برسر پیکار جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔