پٹرولیم مصنوعات مہنگی خرید کر سستے دام فروخت نہیں کرسکتے، نگران وزیر اطلاعات

پٹرولیم مصنوعات مہنگی خرید کر سستے دام فروخت نہیں کرسکتے، نگران وزیر اطلاعات
اسلام آباد: نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات مہنگی خرید کر سستا فروخت کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے ہیں۔ نگراں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ آج نگران وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کا پہلا اجلاس ہوا، نگران حکومت کی پہلے ترجیح معیشت کو بہتر کرنا ہے، کابینہ کو سرکاری اخراجات کو کم کرنا ہے، آئین اور قانون کے تحت نگران حکومت کی جو بھی ذمہ داریاں ہیں وہ پوری کریں گے، وفاقی کابینہ ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور پُرامن انتخابات کے لیے پُرعزم ہے۔ انتخابات سے متعلق انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس کے بعد چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات ہوئی، چیف الیکشن کمشنر نے ملاقات میں ہمیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، الیکشن کے دن پہلا ووٹ نگران وزیراعظم اور پھر کابینہ کے ارکان ڈالیں گے۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کابینہ کے ہر رکن سے اس کی وزارت کے بارے میں بریفنگ لی، وزیر اعظم کی ہدایت ہے کہ اخراجات کم کیے جائیں، کابینہ کے اجلاس میں معیشت کی بحالی کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ ریاست کی طاقت اقلیتوں کے ساتھ کھڑی ہے، تمام شہریوں کو برابر انسانی حقوق حاصل ہیں، جڑانوالہ واقعے پر ہر فرد نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، کابینہ نے ملک میں صوفی ازم کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ اپنے حلف کی پاس داری کریں، اپنی ذمہ داریاں آئین اور قانون کے مطابق انجام دیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔