اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ ( پی ڈی ایم ) حکومت بھی قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی واپسی روکنے پر ڈٹ گئی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ایم این ایز کی واپسی روکنے کےلیے کل ہونے والا قومی اسمبلی اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے، اجلاس ری شیڈول کرکے اگلے ہفتے بلالیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین نے اسپیکر سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، تحریک انصاف کے مزید 25 سے 30 اراکین کے استعفے منظور کیے جانے کا امکان ہے۔ قومی اسمبلی شعبہ قانون سازی نے ہوم ورک مکمل کرکے فائل سپیکر کو بھجوا دی ۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر کو ان اراکین کے استعفے منظور کرنے کی ایڈوائس دی گئی ہے، سپیکر کی صوابدید ہے کہ وہ کب ان کے استعفے منظور کرکے الیکشن کمیشن کو بھجوا دے۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی 35 تحریک انصاف کے اراکین کے استعفے اسپیکر نے اچانک الیکشن کمیشن کو بھجوا دئیے تھے۔