وزیراعظم کو گھر بھیجنے کا مشن آخری مرحلے میں داخل

وزیراعظم کو گھر بھیجنے کا مشن آخری مرحلے میں داخل
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان کو گھر بھیجنے کا مشن آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ اپوزیشن حکومت پر فیصلہ کن وار کرنے کیلئے تیار ہے۔ متحدہ اپوزیشن کے رہنماوں کا اہم اجلاس آج شہباز شریف کی رہائشگاہ پر طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس آج دو پہر دو بجے ہوگا۔ اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمن بھی شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اس اہم اجلاس میں مریم نواز، اختر مینگل، ایمل ولی، امیر حیدر ہوتی، آفتاب شیر پائو اور اویس نورانی سمیت دیگر سیاسی رہنما شریک ہوں گے۔ اجلاس میں لانگ مارچ، دھرنا اور عدم اعتماد کی تحریک کے حوالے سے نمبر گیم پر مشاورت کی جائے گی، جبکہ حکومتی اتحادی جماعتوں کے ساتھ طے ہونے والے معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سندھ ہاﺅس اور ارکان قومی اسمبلی کے گھروں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکومت کی بوکھلاہٹ ہے جو تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی دلیل ہے۔ شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ ہاﺅس اور ارکان قومی اسمبلی پر حملے اعتراف ہے کہ عمران نیازی ہار چکے ہیں۔ ارکان قومی اسمبلی پر حملے ملک کو خانہ جنگی میں دھکیلنے کی سازش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈوبتی سیاست بچانے کے لئے عوام میں تصادم منفی، مجرمانہ اور غیر آئینی سوچ ہے۔ عمران نیازی پارلیمنٹ، پی ٹی وی سمیت سرکاری عمارتوں پر حملوں کے کنٹینر والے موڈ میں آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں آئین اور جمہوری انداز میں مقابلہ کرنے کے بجائے پتھر برسانا، گیٹ توڑنا فسطائی ذہنیت اور شکست کی نشانی ہے۔ شہباز شریف نے متنبہ کیا کہ حکومت لاقانونیت سے باز رہے۔ کسی سیاسی رہنما، کارکن یا سرکاری عمارتوں کا نقصان ہوا تو عمران نیازی سے حساب لیں گے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔