ثمینہ بیگ کے ٹو سر کرنے کیلئے تیار

ثمینہ بیگ کے ٹو سر کرنے کیلئے تیار

سکردو ( پبلک نیوز) عالمی شہرت یافتہ خاتون کوہ پیماء ثمینہ بیگ نے سپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن کے تعاون سے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرنے کے لیے جھولہ کے مقام سے باقاعدہ طور پر اپنے سفر کا آغاز کردیا۔

تفصیلات کے مطابق چھ دن کی پیدل مسافت طے کر کے ایس سی او ڈریم ایکسپڈیشن ٹیم کے ٹو بیس کیمپ پہنچیں گی۔ برانڈ ایمبسڈر سپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن (SCO) ثمینہ بیگ کی قیادت میں چھ رکنی پاکستانی کوہ پیماء ٹیم دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرنے کی کرنے کی کوشش کرے گی۔ اس مہم کو کے ٹو ڈریم ایکسپڈیشن کا نام دیا گیا ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ 8611 میٹر بلند پہاڑ کی چوٹی کو سر کرنے کے لیے صرف پاکستانی کوہ پیماؤں پر مشتمل ٹیم جا رہی ہے۔

پاکستان سے کوہ پیما عام طور پرگائیڈ یا پورٹر کی حیثیت میں کے ٹو پر جاتے تھے لیکن ٹیلی مواصلاتی ادارے SCO کی سپانسر شپ کی وجہ سے پاکستانی کوہ پیمائوں کو بطور رکن اس مہم پر جانے کا موقع مل پایا ہے۔ اس سے قبل ثمینہ بیگ کے اسکولی کے علاقے میں پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور نیک خواہشات کے ساتھ ان کو رخصت کیا گیا۔

جھولہ کیمپ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا وہ کے ٹو سر کرنے کے لیے پرعزم اور پرجوش ہیں، اس سلسلے میں میری چھ رکنی ٹیم پوری طرح تیار ہے ۔ انشاءاللہ قوم کی دعاوں سے کے ٹو کی بلندی پر سبز ہلالی پرچم لہراؤں گی۔

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔