گومل یونیورسٹی میں گانے لگانے پر دو طلبہ کو جرمانہ

گومل یونیورسٹی میں گانے لگانے پر دو طلبہ کو جرمانہ

ویب ڈیسک: ڈیرہ اسماعیل خان کی گومل یونیورسٹی میں دو طلبہ کو جرمانہ کر دیا ہے۔ یونیورسٹی حدود میں گانا لگانے پر انتظامیہ نے یہ جرمانہ عائد کیا۔

انسٹی ٹیوٹ آف کمپیوٹنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سربراہ ضیا الدین کے مطابق دو سٹوڈنٹس بلیوٹوتھ کے ذریعہ موسیقی لگاتے تھے۔ تدریسی ایریا میں ایسی سرگرمی سے ماحول متاثر ہوتا ہے۔ بار بار منع کرنے اور تنبیہہ کرنے کے باوجود وہ باز نہیں آئے لہذا یونیورسٹی انتظامیہ نے ان کو پانچ پانچ ہزار روپے جرمانہ کرتے ہوئے بلیوٹوتھ ڈیوائس ضبط کر لی ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کے مطابق تعلیمی ماحول کو متاثر کرنے کی کسی کو اجازت نہیں ہے۔ ایسی موسیقی جس سے تدریسی ماحول متاثر ہو وہ قابل اعتراض ہے لیکن اگر کوئی اپنے تئیں سننا چاہے تو انتظامیہ کو اس پر اعتراض نہیں۔

خیال رہے کہ گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان میں گزشتہ ایک برس سے منشیات کے استعمال، سگریٹ نوشی اور سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے۔

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔