عمران خان کے دورہ روس کادفاع، بلاول بھٹو ٹوئٹر پرٹاپ ٹرینڈ

عمران خان کے دورہ روس کادفاع، بلاول بھٹو ٹوئٹر پرٹاپ ٹرینڈ
عمرا ن خان کے دورہ روس کا دفاع کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے بلاول کے اقدام کی بھرپور تعریف کی . اس حوالے سے #BilawalBhuttoZardari کا ٹرینڈ بھی چل رہا ہے.

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے پاس یہ جاننے کا کوئی طریقہ کار نہیں تھا کہ جس روس وہ ماسکو پہنچیں گے، یوکرین پر حملہ کر دیا جائے گا۔وزیر خارجہ نے تاریخٰ ریمارکس یو این میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران ادا کئے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کے دورہ روس کا میں مکمل دفاع کروں گا۔ عمران خان کا یہ دورہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے طور پر تھا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پاس تو یہ چیز جاننے کا طریقہ ہی نہیں تھا کہ روس اسی روز یوکرین پر حملہ آور ہو جائے گا۔ کسی کے پاس چھٹی حس نہیں ہے انہوں نے پوری دنیا پر واضح کیا کہ پاکستان کو اس بے گناہ اقدام پر سزا دینا انتہائی غیر منصفانہ ہے۔ درحقیقت ہم امن کی اہمیت پر زور دیتے رہیں گے۔ ہم کسی تنازع کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔ ہم نے اقوام متحدہ کے اصولوں پر قائم رہنا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بلاول بھٹو کی بھرپور تائید کی جا رہی ہے،بلاول بھٹو کے نام سے چلنے والے ٹرینڈ میں صارفین، تجزیہ کاروں اور صحافیوں نے حصہ لیا اور ’بڑا پن‘ دکھانے پر بلاول بھٹو کی تعریف کی. صارف خرم قریشی نے کہا کہ آپ اپنے ملک کی نمائندگی اس طرح کرتے ہیں۔ وکیل پنسوٹا کا کہنا تھا کہ ’اپنے حریف کے اقدام کا دفاع کرنے کے لیے بڑا پن اور ہمت چاہیے ہوتی ہے۔ بلاول بھٹو کے اس اقدام کی تمام افراد کی جانب سے تعریف کرنی چاہیے۔’سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن اس وقت وہ پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں اور پاکستان سے کوئی بھی اور کچھ بھی پہلے نہیں آ سکتا۔‘ ایک صارف نے لکھا کہ اگر آپ سفارت کاری کے بارے میں کچھ سیکھنا ہے تو آپ بلاول بھٹو سے سیکھ سکتے ہیں۔ اسی طرح ایک صارف نے لکھا کہ ’بلاول نے عمران خان کی خارجہ پالیسی کا دفاع کیا جو انھیں کرنا چاہیے۔ لیکن ساتھ ہی اپنے والد کی حکومت کے دوران ہونے والے ریکارڈ ڈرون حملوں میں ہلاک ہونے والوں سے اظہارِ افسوس تو کیا لیکن اس دوران اپنے والد آصف زرداری کا ذکر نہیں کیا۔‘ صحافی خاور گھمن کا کہنا تھا کہ ’سابق وزیرِ اعظم عمران خان بڑے پیمانے پر غور و خوض کرنے کے بعد روس گئے اور یہ وزارتِ خارجہ کے سرکاری ریکارڈ کا حصہ ہے جس کے بلاول اس وقت وزیر ہیں۔ تو وہ کیسے اس بات کو نفی کر سکتے تھے۔‘ ایک صارف نے یہ بھی لکھا کہ 'بلاول نے جس انداز میں عمران خان کے دورہ روس کا دفاع کیا شاید ان کے اپنے ترجمان بھی نہ کر پاتے۔‘ تاہم پاکستان تحریک انصاف کے حمایتی بلاول کی جانب سے پاکستان کو ’سزا‘ دینے کی بات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور یہ کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کا مؤقف بھی بالکل یہی ہے کہ پاکستان کو روس کے ساتھ روابط کی سزا دی جا رہی ہے۔ خیال رہے کہ جب سنہ 2019 میں عمران خان دورہ امریکہ پر گئے تھے تو وہاں پارک ون ارینا میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے اپوزیشن رہنماؤں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا تاہم یہ تقریر انھوں نے امریکہ میں موجود اپنے حمایتیوں سے خطاب کرتے ہوئے کی تھی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔