اسلام آباد: تیندوے کو پکڑنے تک ٹریل 3 عام پبلک کے لیے بند کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے گاؤں سیدپور میں تیندوے کی موجودگی کے شواہد مل گئے، ٹریل 3 کو سیل کر دیا گیا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ تیندوے کو پکڑنے تک ٹریل کو عام پبلک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ شہریوں خاص طور پر موٹر سائیکل سواروں سے علاقے میں اکیلے سفر کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ گاؤں کے رہائشیوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے کے مطابق اطلاع ملتے ہی متعلقہ ٹیمز کو مارگلہ کی پہاڑیوں اور سید پور گاؤں بھیجا گیا۔ انوائرمنٹ ونگ، ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کے اہلکار ان علاقوں میں تعینات ہیں۔ اہلکار تیندوے کو آبادی سے دور رکھنے کی کوشش کریں گے۔ ٹیمز کے ساتھ محکمہ جنگلی حیات کی خصوصی ٹیمیں بھی علاقے میں موجود ہیں۔ وقتی طور پر ٹریل 3 کو شہریوں کے لئے بند کردیا گیا ہے۔ تیندوے متعلق مسئلہ حل ہوتے ہی راستہ کھول دیا جائے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا ہے کہ شہری چیتے کے بارے میں ملنے والی معلومات سی ڈی اے، محکمہ ماحولیات اور پولیس حکام کو فراہم کریں تاکہ وہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے مناسب اقدامات کریں۔ خیال رہے کہ چند روز قبل کچھ موٹرسائیکل سواروں نے چیتے کو دیکھ کر تیز رفتاری سے بھاگنے کی کوشش کی اور توازن کھونے کے بعد گر کر زخمی ہو گئے تھے۔