(ویب ڈیسک ) چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان نے 5 جولائی کو پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کردیا۔
چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان نے وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے کہا کہ دنیا میں کوئی ایسا طریقہ نہیں کہ نقصان میں پمپس چلائے جائیں، ڈبل ٹیکسیشن تو دنیا میں کہیں نہیں ہوتی۔ آج ہم ایک اہم مسئلے پر وزیر خزانہ سے ملے، ہم پر ایڈوانس ٹیکس کے نام سے 0.5 فیصد ٹیکس لگا دیا گیا ہے، پہلے سے ہمارا مارجن کم ہے جس کی وجہ سے ہم پریشان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ ٹیکس لگایا جائے گا تو ہمارے پمپس بند ہو جائیں گےاگر ہمارا کاروبار ختم ہو گا تو ہم سخت سے سخت قدم اٹھائیں گے۔
چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ ایران سے تیل اسمگل ہو رہا ہے، ہماری سنوائی نہیں ہو رہی،چاہتے ہیں ایران سے معاہدہ کر لیا جائے اور ایرانی تیل پر ٹیکس لگائیں، اسمگلنگ روکنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔