پنجاب میں انسداد پولیو کی 5 روزہ مہم کا آغاز

پنجاب میں انسداد پولیو کی 5 روزہ مہم کا آغاز
لاہور ( پبلک نیوز) پنجاب میں انسداد پولیو کی 5 روزہ مہم کا آج سے باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ وزیراعلیٰ آفس میں انسداد پولیو مہم کے حوا لے سے خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بچوں کو انسداد پولیو ویکسین پلا کر مہم کا آغاز کیا۔ مشیر صحت حنیف پتافی نے بھی بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ 5 روزہ انسداد پولیو مہم 24 ستمبر تک جاری رہے گی اور مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے ایک کروڑ 68 لاکھ 80 ہزار بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ ایک لاکھ 56ہزار پولیو ورکرز مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔ پنجاب بھر میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم کے دوران 100فیصد ویکسینیشن کا ہدف پورا کیا جائے گا۔پولیو مہم کے دوران کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلانے والے ورکرز قومی ہیرو ہیں۔ ضلع، تحصیل او رنچلی سطح پر پولیو ورکرز کے لئے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عوامی نمائندے بھی انسداد پولیو ویکسینیشن میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔اضلاع میں ڈپٹی کمشنر اور تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنر پولیو ویکسینیشن مہم کی کامیابی کے لئے تمام تر کاوشیں کریں۔ دوسرے صوبوں سے آنے والے بچوں کو انسداد پولیو ویکسین ضرور پلائی جائے۔ پنجاب کو پولیو فری بنانے کا ہدف پورا کرنے کے لئے ہر فرد اپنی ذمہ داری پوری کرے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو پولیو فری بناناہمارا مشن ہے۔ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بچہ انسداد پولیو ویکسینیشن سے محروم نہ رہے۔ سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ اور ایڈیشنل سیکرٹری کوآرڈینیشن پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ نے بھی بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔