کراچی (پبلک نیوز) کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں سابق شوہر نے دوبارہ رشتہ قائم کرنے سے انکار پر سابقہ بیوی پر تیزاب پھینک دیا۔ 21 سالہ رمشہ کی حالت نازک ہے جبکہ نیو کراچی میں سابقہ بیوی نے دوبارہ نکاح کرنے میں تاخیر اور گھر پر رکنے سے انکار کرنے پر سابقہ شوہر پر تیزاب پھینک دیا. تفصیلات کے مطابق کراچی میں تیزاب گردی کے دو الگ الگ واقعات سامنے آئے ہیں۔ بلدیہ ٹاؤن میں تیزاب گردی سے 21 سالہ رمشہ بری طرح جھلس گئیں۔ حالت تشویشناک ہے۔ زخمی رمشہ کے والد کا کہنا ہے کہ سابق شوہر دوبارہ رشتہ قائم کرنا چاہتا تھا، اکثر رمشہ کا راستہ روک کر ہراساں کرتا تھا، آج بھی ملزم نے رمشہ کا راستہ روکا اور تیزاب پھینک دیا دوسری جانب نیو کراچی میں سابقہ بیوی کی جانب سے تیزاب پھینکے جانے سے نوجوان محمد عثمان جھلس گیا۔ ایف آئی آر میں عثمان کا کہنا ہے کہ 2019 میں میری شادی شبانہ سے ہوئی تھی جبکہ 2020 کے آخر میں میں نے شبانہ کو طلاق دے دی تھی۔ انھوں نے مؤقف اختیار کیا کہ طلاق کے بعد شبانہ بضد تھی دوبارہ نکاح کیا جائے جس پر میں نے اپنے والدین کی رضامندی تک اسے علیحدہ فلیٹ کرایہ پر لے کر دیا۔ میں اکثر شبانہ سے ملنے جاتا تھا۔ گزشتہ روز ملنے گیا تو اس نے مجھے روکنے کی کوشش کی اور نہ رکنے کو وجہ بنا کر مجھ پہ تیزاب پھینک دیا۔ پولیس مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمہ کی تلاش شروع کر دی ہے۔