مسجد الحرام میں ضرورت مند زائرین کے لیے مفت وہیل چیئرز

مسجد الحرام میں ضرورت مند زائرین کے لیے مفت وہیل چیئرز
مکہ مکرمہ: (ویب ڈیسک) حرمین شریفین کے ادارے کی جانب سے ضرورت مند عمرہ زائرین کی سہولت کے لیےمسجد الحرام میں خصوصی طورپر مفت وہیل چیئرز فراہم کرنے کے لیے 3 پوائنٹس مقرر کیے گئے ہیں۔ سعودی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے امور حرمین کے شعبہ نقل وحمل کے ڈائریکٹر احمد المقاطی نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر الیکٹرک وہیل چیئرز کا ٹکٹ خریدنے کے لیے تنقل ایپ پر سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے وہیل چیئرز کو مستقل بنیادوں پر سینیٹائز کیا جاتا ہے۔ سینیٹائزنگ کے لیے مستقل بنیادوں پر کارکنوں کی شفٹوں میں ڈیوٹیاں لگائی جاتی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ادارہ امور حرمین کی جانب سے 8 ہزار وہیل چیئرز فراہم کی گئی ہیں جن میں سے 5 ہزار سادی جبکہ 3 ہزار بجلی سے چلنے والی ہیں۔ وہیل چیئر ٹریک کی نگرانی کے لیے 180 سپروائزربھی تعینات کیے گئے ہیں جن کی ذمہ داری ہے کہ وہ وہیل چیئرکے راستے کو کھلا رکھیں تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ دوسری جانب مسجد الحرام میں صفائی کے لیے جدید روبوٹ استعمال شروع کیا گیا ہے۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق جدید روبوٹ ایک گھنٹے میں ایک ہزار مربع میٹر رقبے کی صفائی کرسکتا ہے۔ جدید رپورٹ میں 68 لیٹر پانی اور جراثیم کش مادہ رکھنے کی گنجائش موجود ہے جبکہ یہ انسانی مدد کے بغیر 4 گھنٹے تک مسلسل کام کرنے کی صلاحٰت رکھتا ہے۔روبوٹ میں انتہائی حساس قسم کے سینسر اور کیمرے نصب ہیں جس کے باعث صفائی کا کام مہارت سے کرسکتا ہے۔

Watch Live Public News