'تھور، لو اینڈ تھنڈر' باکس آفس پر براجمان

'تھور، لو اینڈ تھنڈر' باکس آفس پر براجمان
ہالی ووڈ کی نئی فلم ''تھور، لو اینڈ تھنڈر' کا امریکا سمیت دنیا بھر میں باکس آفس پر راج جاری ہے۔ ڈزنی اور مارول کے اشتراک سے بننے والی یہ فلم رواں ماہ 8 جولائی کو ریلیز کی گئی تھی۔ وائس آف امریکا کے مطابق 'تھور، لو اینڈ تھنڈر' تھور سیریز کی چوتھی فلم ہے، جس کی کہانی تھور(کرس ہیمسورتھ) کے گرد گھومتی ہے۔ سپر ہیرو تھور اس بار اپنے ساتھیوں گارجیئرنز آف دی گلیکسی کو چھوڑ کر 'گوردی گاڈبچر '(کرسچن بیل) کی تلاش میں نکل جاتا ہے۔ ایسے میں جب تھور کی بستی نیو ایسگارڈ سے گور تمام بچوں کو اغوا کرکے لے جاتا ہے تو تھور، ویلکری (ٹیسا تھامپسن) اور کورگ (ٹائیکا وائی ٹی ٹی) بچوں کو بازیاب کرنے کا پلان بناتے ہیں ، جس میں وہ تھور کی سابقہ دوست جین (نیٹلی پورٹمین) کو بھی شامل کرتے ہیں، جو خاتون تھور کے روپ میں ان کی مدد کو آجاتی ہے۔ https://twitter.com/thorofficial/status/1549469124740481029?s=20&t=FbbOjzDA-AxQbSQcBeL7FQ جین کو تھور کے ہتھوڑے میولنیر نے ایک کینسر کی مریضہ سے سپر ہیرو بنایا ہوتا ہے، وہ جب بھی سپر ہیرو سے واپس عام انسان بنتی ہے اس کی طبیعت بگڑ جاتی ہے، اس سے پہلے کہ اس کی زندگی کو خطرہ ہوتا ہے، تھور اور اس کے ساتھی بچوں کو بازیاب کرانے کے لیےنکل جاتے ہیں، بغیر یہ سوچے کہ یہ گور کی انہیں اپنے پاس بلانے کی سازش بھی ہوسکتی ہے۔ فلم میں دکھایا گیا ہے کہ اس لڑائی میں وہ کئی دیگر 'دیوتاؤں' سے بھی مدد مانگتے ہیں، جن میں زیورس (رسل کرو) قابلِ ذکر ہوتے ہیں۔ لیکن جب وہ پرائی لڑائی کا حصہ بننے سے گریز کرتا ہے تو تھور اس کا ہتھیار بولٹ لے کر وہاں سے چلا جاتا ہے، جس کی مدد سے وہ گور کو کلائمکس پر شکست دینے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔ فلم کی کہانی اس بار تھور کے بجائے گور سے شروع ہوتی ہے جس کا کردار مشہور ہالی وڈ اداکار کرسچن بیل نےادا کیا، فلم کے آغاز میں وہ ایک عام آدمی کی طرح دیوتاؤں کا معترف ہوتا ہے لیکن جب قحط اور خشک سالی کی وجہ سے اس کی بیٹی کی موت واقع ہوتی ہے تو وہ دیوتاؤں کو ماننے سے انکار کردیتا ہے، اور انہیں ختم کرنے کی ٹھان لیتا ہے۔ https://twitter.com/mvbrat91/status/1549939737166839809?s=20&t=FbbOjzDA-AxQbSQcBeL7FQ اس کردار کے لیے ماضی میں بیٹ مین کا کردار ادا کرنے والے کرسچن بیل نے ہمیشہ کی طرح اپنا حلیہ بدلا اور وزن کم کیا، ان کی اس کوشش کے بعد انہوں نے ایک خوف ناک شخص کا روپ دھارا۔ اسی طرح اداکارہ نیٹلی پورٹ مین جو اس سے قبل تھور کی ہیروئن کے طور پر متعدد فلموں میں سامنے آ چکی ہیں، اس فلم میں سپر ہیرو کے روپ میں نظر آئیں۔ فلم تھور، لو اینڈ تھنڈر نے امریکا میں اب تک 23 کروڑ 90لاکھ ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا ہے، جس میں سے 4 کروڑ 6 لاکھ ڈالرز صرف دوسرے ہفتے کی کمائی ہے۔ اس فلم نے مجموعی طور پر اب تک 50 کروڑ ڈالرز سے زائد کا بزنس کر لیا ہے۔ گذشتہ سال 'دی ایٹرنلز' اور رواں سال 'موربئیس' کے فلاپ ہونے کے بعد شائقین مارول کی کارکردگی پر سوال اٹھا یا تھا۔ البتہ 'سپائیڈر مین، نو وے ہوم' اور 'ڈاکٹر سٹرینج ان دی ملٹی ورس آف میڈنیس' کے بعد اب 'تھور، لو اینڈ تھنڈر' کی کامیابی سے مارول والوں کو حوصلہ ملے گا۔ بشکریہ: وائس آف امریکا
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔