(ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے ایک گاؤں کے سکول میں اُس وقت بچے شدید خوف زدہ ہو گئے جب پڑھائی کے دوران ہی اچانک چھت کا پنکھا نیچے آ گرا، اور اس کی زد میں ٹیچر آ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے چغل پورہ میں گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول میں کلاس روم کا چھت کا پنکھا اچانک گر گیا، جس کی زد میں آ کر ٹیچر شدید زخمی ہو گئیں۔واقعہ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔
زخمی ٹیچر کو واقعے کے فوراً بعد اسپتال منتقل کیا گیا، معلوم ہوا کہ پنکھا لگنے کی وجہ سے انھیں سر میں چوٹیں آئی ہیں اور کان بھی زخمی ہو گیا ہے۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جو کلاس میں پڑھائی جاری تھی، پنکھا ٹیچر پر گرنے کے بعد بچیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ چیخنے چلانے لگی تھیں۔
ایس ڈی ای او شمیم اختر نے واقعے پر کہا کہ اسکول بلڈنگ بھی خستہ حال ہے، جو 1916 میں تعمیر ہوئی، اس سلسلے میں ایک سمری محکمہ تعلیم کو ارسال کی ہوئی ہے لیکن کوئی سنوائی نہ ہونے کے سبب بچے ابھی بھی خستہ حال عمارت میں بیٹھنے پر مجبور ہیں۔