سندھ ہائیکورٹ کا دعا زہرا کو کراچی منتقل کرنے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ کا دعا زہرا کو کراچی منتقل کرنے کا حکم
کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے دعا زہرا کو شیلٹر ہوم کراچی منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔سندھ پولیس کی جانب سے دعا زہرا کے شوہر ظہیر احمد کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ سماعت کے دوران جسٹس اقبال کلہوڑو نے کہا کیس کراچی میں ہے تو لڑکی کو بھی کراچی لانا ہوگا جب کہ لڑکی کے والدین بھی کراچی میں رہتے ہیں۔جب جرم کراچی میں ہوا ہے توکیس کی سماعت بھی کراچی میں ہوگی۔ معزز جج نے کہا کہ کراچی میں بھی شیلٹر ہوم ہیں، کراچی میں بھی لڑکی کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا، کراچی کے شیلٹرہوم میں بھی حفاظتی انتظامات ہوں گے۔ عدالت نے ملزم ظہیر کے وکیل سے کہا کہ کیا کہ آپ چاہتے ہیں لڑکی کو کراچی منتقل نہ کیا جائے؟ جس پر وکیل نے کہا کہ لڑکی کوکراچی منتقل نہیں کیا جاسکتا، لڑکی اگرکسی سے ملنے میں رضامند نہ ہو تو اس سے کوئی نہیں مل سکتا،اگر عدالت بھی چاہے تو لڑکی سے ملنے کا نہیں کہہ سکتی۔ اس پر عدالت نے کہا کہ لڑکی کم عمر ثابت ہوچکی ہے، اس کے بیان کی کوئی اہمیت نہیں، ہم لڑکی کی کسٹڈی والدین کے حوالے کرنے کا حکم نہیں دے رہے۔ عدالت میں سماعت کے دوران وفاقی اور سندھ حکومت کے وکلاء نے بھی دعا زہرا کو کراچی منتقل کرنے کی حمایت کردی جس پر عدالت نے لڑکی کی بازیابی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔بعد ازاں سندھ ہائیکورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے دعا زہرا کو کراچی منتقل کا حکم دے دیا۔ خیال رہے کہ دعا زہرا کی بازیابی کیلئے والد مہدی کاظمی نے درخواست دائر کی تھی.

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔