اسلام آباد (پبلک نویز) سندھ میں آج رات 12 بجے سے اگلے 7 دن کی لیے سی این جی کی بندش، آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے ہفتہ بھر کے لیے بندش کو نامنظور قرار دے دیا۔ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے صدر غیاث پراچہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں سی این جی کی بندش کو مسترد کرتے ہیں۔ اداروں کی نااہلی کی سزا صرف سی این جی سیکٹر کو دی جارہی ہے۔ سی این جی کی بندش کا فیصلہ فل فور واپس لیا جائے بصورت دیگر شدید احتجاج کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ ہمیں RLNG پر منتقل کیا گیا، اس یقین دہانی کے ساتھ کہ گیس کی سپلائی بلا تعطل جاری رہے گی۔ نہ ہمیں حکومت گیس دے رہی ہے اور نہ پرائیوٹ RLNG لینے دے رہی ہے۔غیاث پراچہ نے مطالبہ کیا کہ حکومت فل فور ہمارے اسٹیشن کو گیس کی سپلائی بحال کرے اور ہمیں ہماری اپنی گیس منگوانے میں سہولت دی جائے تاکہ ہم اس مسئلہ سے اپنے آپ کو نکال سکیں۔