نیو کیلیڈونیا میں ہنگامے جاری،  پھنسے سیاحوں کو نکالنے کی کوششیں

نیو کیلیڈونیا میں ہنگامے جاری،  پھنسے سیاحوں کو نکالنے کی کوششیں

(ویب ڈیسک )  فرنچ کالونی نیو کیلیڈونیا میں احتجاج جاری، سینکڑوں سیاح پھنس کررہ گئے ، 350 آزادی پسند گرفتار، فرانسیسی فوجی دستے نے امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

 یادرہے پیرس حکومت نے اس وقت نیو کیلیڈونیا میں 12 روزہ ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے، جس میں توسیع کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ اسی ہفتے کیا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق وہاں کئی ہفتوں سے جاری پرتشدد ہنگامہ آرائی کے دوران سینکڑوں سیاح ہوٹلوں میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی حکومتوں نے منگل کے روز اعلان کیا کہ وہ فرانسیسی بحر الکاہل کے علاقے نیو کیلیڈونیا میں پرتشدد مظاہروں اور بدامنی کے درمیان اپنے شہریوں کو وہاں سے نکالنے کے لیے اپنے طیارے بھیج رہے ہیں۔

فرانس نے نیو کیلیڈونیا میں ووٹنگ سے متعلق اصلاحات کو منظوری دی ہے، جس کی وجہ سے خطے میں فسادات پھوٹ پڑے ہیں۔ اس علاقے کی آبادی فیصلے سے خوش نہیں ہے، جس کی وجہ سے تشدد میں اب تک چھ افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔

آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ فرانسیسی حکام نے شہریوں اور سیاحوں کو فرانسیسی سرزمین سے نکالنے کے لیے دو پروازوں کی آمد کے لیے کلیئرنس بھی دے دی ہے۔

نیو کیلیڈونیا کی مجموعی آبادی صرف دو لاکھ ستر ہزار کے قریب ہے اور اس مجموعہ جزائر کو رواں ماہ کی 13 تاریخ کو اس وقت سے بدامنی اور مظاہروں کا سامنا ہے، جب فرانس نے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ اس ملک میں نئے انتخابی قوانین نافذ کرنا چاہتا ہے۔ اس تجویز کے مطابق وہاں مقیم ان ہزارہا باشندوں کو بھی ووٹ کا حق مل جائے گا، جو وہاں کے قدیم مقامی باشندے نہیں ہیں۔

اس تجویز کے بعد شروع ہونے والے ہنگاموں کے پیش نظر پیرس میں فرانسیسی حکومت نے پولیس اور فوج سے تعلق رکھنے والے اپنے تقریباﹰ ایک ہزار مسلح اہلکار اس لیے نیو کیلیڈونیا بھیج دیے تھے کہ وہاں حالات پر قابو پایا جا سکے۔

Watch Live Public News