پاکستانی کوہ پیما سرباز خان نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ بغیر آکسیجن کے سر کرلی

پاکستانی کوہ پیما سرباز خان نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ بغیر آکسیجن کے سر کرلی
سورس: ویب ڈیسک

ویب ڈیسک: پاکستانی کوہ پیما سرباز خان نے بغیر آکسیجن سپلائی کے دنیا کی سب سے اونچی چوٹی ماؤنٹ ایوریسٹ سر کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سرباز خان ’امیجن نیپال 2024 ایورسٹ مہم‘ ٹیم کا حصہ تھے، جس میں 14 بین الاقوامی کوہ پیما اور 18 شیرپا شامل تھے اور انہوں نے منگل کو صبح 5 اور10 کے درمیان چوٹی سر کی۔

ماؤنٹ ایوریسٹ 8848.86 میٹر (29,031.69 فٹ) اونچی دنیا کی بلند ترین چوٹی ہے اور سرباز خان اسے بغیر آکسیجن کے سر کرنے والے دنیا کے دوسرے کوہ پیما ہیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز علی سدپارہ کے نام تھا۔

دو سال قبل سرباز خان نے دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی کن چن جونگا سر کی تھی۔

32  سالہ سرباز خان گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ کے علاقے علی آباد سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے 2016 میں بطور کوہ پیما اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ اپنے آٹھ سالہ کیریئر میں اب تک 8 ہزار میٹر سے بلند 14 چوٹیوں میں سے 11 چوٹیاں سر کرچکے ہیں اور ایسا کرنے والے واحد پاکستانی کوہ پیما ہیں۔

سرباز خان موسم سرما میں کے ٹو سر کرنے کی مہم جوئی کے دوران جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے والے نامور کوہ پیما علی سدپارہ کے شاگرد ہیں۔ 

سنہ 2019 میں سرباز خان نے 8 ہزار 516 میٹر کی چوٹی ماؤنٹ لوہٹسے بغیر آکیسجن کے سر کر کے دنیا کی چوتھی بلند ترین چوٹی سر کرنے والے پہلے پاکستانی بننے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔ 

انہوں نے 2017 میں نانگا پربت، 2018 میں کے ٹو اور 2019 میں براڈ پیک سر کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔

سرباز خان 2020 میں موسم سرما میں کے ٹو سر کرنے کی مہم جوئی میں بھی شامل رہے تاہم کامیاب نہ ہوسکے۔

Watch Live Public News