ویب ڈیسک:دو پاکستانی کوہ پیماؤں دلاور سدپارہ اور فدا علی نے نانگا پربت سر کرلی ہے۔ نانگا پربت کو 8 ہزار 126 میٹر کی بلندی رکھنے والی دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان اور نیپال کے 4 کوہ پیماؤں کی ٹیم نانگا پربت کے بلند و بالا پہاڑ کو سر کرنے پہنچ گئی۔ چاروں کوہ پیماؤں نے پاکستانی وقت کے مطابق منگل کی شام پونے 6 بجے نانگا پربت کو سر کرلیا۔
دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی سر کرنے والے کوہ پیماؤں میں نیپال کے تیمبا شیرپا اور پیمبا شیرپا بھی شامل ہیں۔ سیکریٹری الپائن کلب آف پاکستان نے کہا کہ مزید کوہ پیما بھی نانگا پربت سر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
سیکریٹری الپائن کلب نے کہا کہ کوہ پیماؤں کی ٹیم نانگا پربت کے کیمپ 4 پر موجود ہے، دیگر کوہ پیما بھی اگلے چند گھنٹوں میں نانگا پربت سمٹ کی طرف بڑھیں گے تاکہ دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی کو سر کیا جاسکے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد پاکستانی اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت کو سر کرچکے ہیں۔ نانگا پربت کو چوٹی سر کرنے میں حائل مشکلات کی وجہ سے قاتل پہاڑ بھی کہا جاتا ہے۔
تکنیکی ااعتبار سے نانگا پربت کو سر کرنا انتہائی مشکل ہے۔ 11 جولائی 2009 تک کے اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر کے 322 کوہ پیما جن میں 22 خواتین بھی شامل ہیں نانگا پربت کی یہ مشکل ترین چوٹی سر کرچکے ہیں۔