فٹبال ورلڈکپ 2022 کے افتتاحی میچ میں نئی تاریخ رقم ہوگئی ہے۔ ایکواڈور نے میزبان ملک قطر کو 0-2 سے شکست دے دی۔ 1930 سے 2018 تک یعنی 88 برس کے دوران 21 بار ورلڈکپ مقابلوں کا انعقاد ہوا ہے اور گذشتہ 21 ایڈیشن میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ میزبان ٹیم کو افتتاحی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ شاندار اور رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے ورلڈکپ کے آغاز کا اعلان کیا تھا ۔ ایکواڈور نے فیفا ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان قطر کو 0-2 سے شکست دے دی اور یہ کپتان اینر ویلینسیا کی عمدہ پرفارمنس کے باعث ہوا ہے۔ یہ بات قابل غور ہے کہ 21 ایڈیشن میں یہ پہلا موقع ہے کہ جب میزبان ٹیم کو افتتاحی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پورے میچ کے دوران ایکواڈور نے قطری ٹیم کو دبائو میں رکھا ، ایکواڈور کی جانب سے کپتان ویلنسیا نے دونوں گول اسکور کیے ، میزبان ملک کی حیثیت سے ایونٹ میں شامل ہونے والی قطری ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ اور ہوم کراؤڈ کا بھی فائدہ نہیں اٹھا سکی۔ پہلے ہاف میں 2گول کے خسارے میں جانے کے بعد قطری ٹیم نے دوسرے ہاف میں قدرے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو گول کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا۔ آج ٹورنامنٹ میں 4میچز کھیلے جائیں گے۔ گروپ بی میں پہلا میچ ویلز اور امریکا کے درمیان دوپہر 12 بجے، دوسرا میچ گروپ سی کی ٹیموں سعودی عرب اور ارجنٹائن کے درمیان دوپہر 3 بجے، تیسرا میچ گروپ بی میں ایران اور انگلینڈ کے درمیان شام 6 بجے اور چوتھا میچ گروپ اے میں ہالینڈ اور سینیگال کے درمیان رات 9 بجے کھیلا جائے گا۔