عام انتخابات کی تاریخ آگئی،جنوری کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کروانے کا اعلان

عام انتخابات کی تاریخ آگئی،جنوری کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کروانے کا اعلان
اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے عام انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کروانے کا اعلان کر دیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے آج حلقہ بندیوں کے کام کا جائزہ لیا اور فیصلہ کیا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر 2023 کو شائع کر دی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات اور تجاویزکی سماعت کے بعد 30 نومبرکو حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حتمی فہرست کے 54 دن بعد جنوری کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کروا دئیے جائیں گے۔ حالیہ دنوں میں پاکستان میں سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن سے اگلے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔ خیال رہے کہ 13 ستمبر کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط لکھ کر عام انتخابات کے انعقاد کے لیے 6 نومبر 2023 کی تاریخ تجویز دی اور اس حوالے سے اعلی عدلیہ سے رائے لینے کا بھی کہا تھا۔ اس سے قبل اگست کے آخری ہفتے میں بھی صدر نے عام انتخابات کی تاریخ دینے کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا اورانھیں ملاقات کی دعوت دی تھی جس میں ملک میں عام انتخابات کے لیے تاریخ کے اعلان کے لیے مشاورت کا کہا گیا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر جوابی خط میں کہا تھا کہ قومی اسمبلی آئین کے آرٹیکل 58 ون کے تحت وزیراعظم کی سفارش پر صدر نے 9 اگست کو تحلیل کی تھی، اب الیکشن ایکٹ کی سیکشن 57 میں 26 جون کو ترمیم کردی گئی ہے، اس ترمیم سے قبل صدر الیکشن کی تاریخ کے لیے کمیشن سے مشاورت کرتا تھا، اب سیکشن 57 میں ترمیم کے بعد الیکشن کمیشن کو تاریخ یا تاریخیں دینے کا اختیار ہے۔ خٰیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت اور ان کی آرا کی روشنی میں حلقہ بندی کے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے اس کے دورانیے کو کم کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ حلقہ بندی کی حتمی اشاعت اب 30 نومبر 2023 تک کردی جائے گی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔