پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے حماد اظہر کو کھری کھری سنا دیں

پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے حماد اظہر کو کھری کھری سنا دیں
اسلام آباد ( پبلک نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے گیس بحران پر وفاقی وزیر حماد اظہر کو کھری کھری سنا دیں، انہوں نے کہا اگر یہی رویہ رہا تو بلدیاتی الیکشن میں خیبر پختونخوا کی طرح کراچی میں بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔ گیس بحران سے تنگ آ کر تحریک انصاف کے اپنے ہی اراکین اسمبلی مایوس ہونے لگے۔ پی ٹی آئی کے ایم پی اے راجہ اظہر نے وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کو انتباہی خط لکھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی بلخصوص میرے پورے حلقہ 97 میں گیس بحران شدید تر ہوگیا ہے۔ شہری سوئی گیس اور وفاقی حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ صورتحال پی ٹی آئی کے ہاتھوں سے نکل رہی ہے، یہ بلدیاتی انتخابات میں نقصان پہنچائے گی۔ وزیراعظم، وزیر توانائی گیس بحران پر نوٹس لیں۔ کراچی کے عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے، انہیں مایوس نہ کریں۔ گزشتہ روز تحریک انصاف کے ایم این اے آفتاب صدیقی نے بھی وزیر توانائی کو خط لکھا۔ مؤقف اختیار کیا کہ حلقے این اے 247 کراچی میں گیس بالکل نہیں ہے۔ آپ کو بار بار میسیج کیے لیکن آپ نے کوئی جواب نہیں دیا۔ آپ کا رویہ انتہائی شرمناک ہے۔ اگر یہی رویہ رہا تو بلدیاتی الیکشن میں کے پی کی طرح کراچی میں بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔