پنجاب میں حکومت سازی آخری مراحل میں، اسمبلی اجلاس کل 10 بجے طلب

پنجاب میں حکومت سازی آخری مراحل میں، اسمبلی اجلاس کل 10 بجے طلب
کیپشن: Government formation in Punjab in final stages, assembly session called tomorrow at 10 am

ویب ڈیسک: عام انتخابات کے بعد پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں حکومت سازی آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے۔ پنجاب اسمبلی کا اہم اجلاس کل صبح طلب کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل صبح 10 بجے طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں نومنتب ارکان پنجاب اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔ نگران حکومت کی جانب سے اسمبلی سیکرٹریٹ کو زبانی طور پر اجلاس کے حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پنجاب اسمبلی اجلاس کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن تاحال جاری نہیں کیا گیا۔ تاہم اسمبلی سیکرٹریٹ نے کل کے اجلاس کے حوالے سے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کی صدارت سپیکر پنجاب اسمبلی سردار سبطین خان کریں گے۔

دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ محکمہ قانون نے گورنر پنجاب کو اسمبلی سیشن کے لیے سمری ارسال کردی ہے۔ محکمہ قانون نے پہلے اسمبلی سیشن کے لیے 6 دن منتخب کرنے کی تجویز دی۔ اسمبلی سیشن کے لیے  23 سے 28 فروری کے درمیان  سیشن بلانے کی تجویز دی گئی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ محکمہ قانون کو تاحال گورنر پنجاب کی جانب سے سمری واپس موصول نہیں ہوئی۔ گورنر پنجاب کی جانب سے مقررہ تاریخ کی سمری واپس آنے پر اسمبلی سیشن کال کیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ محکمہ قانون پہلے اسمبلی سیشن کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔ محکمہ قانون گورنر پنجاب کی جانب سے موصول سمری پر سیشن کال کرے گا۔