غلط الزامات لگانے پر شرمندہ ہوں، سابق کمشنر راولپنڈی نے معافی مانگ لی

غلط الزامات لگانے پر شرمندہ ہوں، سابق کمشنر راولپنڈی نے معافی مانگ لی
کیپشن: Liaquat Ali Chatta
سورس: ویب ڈیسک

ویب ڈیسک: سابق کمشنر راولپنڈی کا یوٹرن، اپنے ہی بیان سے پیچھے ہٹ گئے، غلط الزامات لگانے پر شرمندہ ہوں، سابق کمشنر راولپنڈی نے معافی مانگ لی۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے الیکشن کمیشن کی کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر بیان ریکارڈ کروایا۔ الیکشن کمیشن کی تحقیقاتی کمیٹی نے سابق کمشنر راولپنڈی کو بیان دینے کے لیے گزشتہ روز نوٹس بھیجا تھا۔سابق کمشنر لیاقت علی نے غلط الزامات لگانے پر الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی۔

اپنے بیان میں سابق کمشنر نے کہا کہ غلط الزامات لگائے ، معذرت خواہ ہوں، دھاندلی سے متعلق اپنے بیان پر شرمندہ ہوں۔ ریٹائرمنٹ کی وجہ سے بہت زیادہ دباو میں تھا۔پریس کانفرنس میں ریاست مخالف اور بدنیتی پر مبنی بیان دیا، الیکشن کمیشن،بیوروکیٹس سرکل اور قوم سے معافی مانگتا ہوں۔میں سیاسی جماعت کے عہدیدار کی خفیہ مدد بھی کرتا رہا۔ اپنے آپ کو قانونی کارروائی کے لئے سرنڈر کرتا ہوں۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن نے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے دھاندلی کے الزامات پر تحقیقات مکمل کرلیں۔راولپنڈی ڈویژن کے تمام ڈی آر اوز اور آ راوز نے سابق کمشنر کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو یکسر مسترد کر دیا۔

تحقیقاتی کمیٹی نے راولپنڈی ڈویژن کے تمام 6 ڈی آر اوز کے تحریری بیانات ریکارڈ کیے۔سابق کمشنرکی پریس کانفرنس کے ٹرانسکرپٹ کو بھی تحقیقاتی رپورٹ کا حصہ بنایا گیا۔

واضح رہے کہ سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے چند روز قبل الیکشن میں سنگین بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کرتے ہوئے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

لیاقت علی چٹھہ کا کہنا تھا ہم نے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کروائی، جو امیدوار 50 سے 70 ہزار کی لیڈ سے جیت رہے تھے انہیں ہروایا، ہم نے پاکستان کے ساتھ دھوکہ کیا، چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس پاکستان بھی اس کے ذمہ دار ہیں، انہیں بھی اپنے عہدوں سے استعفیٰ دینا چاہیئے۔